پیرس اولمپکس 2024 کی تیاری : پاکستانی ایتھلیٹس مشکلات کا شکار
07-16-2024
(ویب ڈیسک )پیرس اولمپکس 2024 کی تیاری میں پاکستانی ایتھلیٹس کو مشکلات کا سامنا ہے، قومی ایتھلیٹس پنجاب سٹیڈیم میں رش میں ٹریننگ کرنے پر مجبور ہیں۔
اولمپئن جیولین تھرور ارشد ندیم اور اسپرنٹر فائقہ ریاض نے میگا ایونٹس کی تیاری کے لئے الگ ٹریننگ سینٹر کا مطالبہ کیا ہے۔ ارشد ندیم کی تھرو کے لئے پہلے ایریا خالی کرانا پڑتا ہے تاکہ جیولین کسی کو لگ نہ جائے، انہیں کئی مرتبہ کھلاڑیوں کے درمیان میں آنے کی وجہ سے تھرو روکنا پڑتی ہے۔ ایتھلیٹ فائقہ ریاض کو بھی رش کی وجہ سے ٹریننگ میں دشواری کا سامنا ہے، فائقہ کی رننگ کے دوران دیگر کھلاڑی ٹریک پر آجاتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹریننگ پر فوکس کے لئے الگ سینٹر ہونا چاہئے۔ دوسری جانب ایتھلیٹس کا ماننا ہے کہ وہ سٹیڈیم میں کسی کی ٹریننگ کے خلاف نہیں لیکن ایلیٹ ایتھلیٹس کے لئے ہائی پرفارمنس سینٹر کا ہونا بہت ضروری ہے۔