آئی ایم ایف نے پاکستان کے بجلی کی پیداوار بڑھانے پر فل سٹاپ لگا دیا
07-16-2024
(لاہور نیوز) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے بجلی کی پیداوار بڑھانے پر فل سٹاپ لگادیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آئندہ برس 2025 تک بجلی کی پیداوار میں اضافے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی، حکومتی ویژن کے تحت بجلی کی پیداوار 50 ہزار میگا واٹ تک بڑھانی تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی پیداوار بڑھانے کے بجائے مالی نقصانات کم کرنے پر توجہ دی جائے، بجلی کی صلاحیت تو پہلے بھی زیادہ ہے تاہم ترسیلی نظام بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں۔ آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ توانائی سیکٹر کے مالی نقصانات اور رسک کو کم کرنے کے اقدامات ہونے چاہئیں، بجلی نرخوں کے حوالے سے فیصلے بھی بروقت کیے جائیں، بجلی کی لاگت میں کمی کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات لائی جائیں۔ عالمی مالیاتی فنڈ نے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر ضروری پیداوار بڑھانے کے اقدامات سے گریز کیا جائے۔