غریب بچوں کیلئے تعلیم حاصل کرنا بھی مشکل، سٹیشنری پر بھاری ٹیکسز عائد

07-16-2024

(ویب ڈیسک) سٹیشنری پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کے نفاذ نے غریب کیلئے بچے کو تعلیم دلوانا مزید مشکل کردیا ۔ صدر انجمن تاجران اردو بازار نے سٹیشنری پر عائد ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کردیا، مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں ہڑتال کی بھی دھمکی دے دی ۔

سٹیشنری کی ٹریڈ سے وابستہ کاروباری وفد نے صدر محمد جمیل فاضل کی قیادت میں صدر انجمن تاجران اردو بازار ابو ذرغفاری گوہر سے ملاقات کی ۔تاجروں نے کہا کہ سٹیشنری پر جی ایس ٹی کا نفاذ غریب کے بچوں کو تعلیم سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ صدر انجمن تاجران اردو بازار ابوذر غفاری نے سٹیشنری آئٹمز پر جی ایس ٹی کے نفاذ کو تعلیم دشمنی قرار دیا اور سٹیشنرز کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جاوید اقبال نے سٹیشنرز کے اتحاد کو خوش آئند قرار دیا اور ان کے مستقل اتحاد اور یکجہتی کو مسائل کے حل کی طرف بنیادی قدم قرار دیا۔ انجمن تاجران کے صدر نے ہر مرحلے پر سٹیشنرز کو مکمل قانونی اور اخلاقی حمایت دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر ہمیں ہڑتال بھی کرنا پڑی تو ہم اس سے گریز نہیں کریں گے۔