سرکاری ہسپتالوں سے قیمتی ادویات کی چوری میں ملوث7 ملزمان گرفتار

07-16-2024

(ویب ڈیسک) ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے سرکاری ہسپتال سے ادویات چوری کرنے والے گروہ میں سے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔

ڈی آئی جی عمران کشور نے سرکاری ہسپتال سے ادویات چوری کرکے فروحت کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے پریس کانفرنس کی جس میں ایس پی فرقان بلال اور ایس پی عمران کرامت بخاری بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ آرگنائزڈکرائم یونٹ اقبال ٹاؤن نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سرکاری ہسپتالوں سے ادویات کی چوری و فروخت میں ملوث گروہ کے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، بتایا گیا ہے کہ مکروہ دھندے میں ہسپتال کے عملے سمیت پرائیویٹ میڈیسن ڈیلر بھی شامل ہیں۔ ڈی آئی جی عمران کشور کا کہنا ہے کہ جنرل ہسپتال کے سٹور کیپر محمد سلیم کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس جرم میں جنرل ہسپتال، گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ اور چلڈرن ہسپتال کے ملازمین بھی شامل ہیں۔ ڈی آئی جی عمران کشور نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں ہسپتال ملازمین محمد سلیم، محمد عاطف، ندیم اور طاہر شامل ہیں،  گرفتار ملزمان میں پرائیویٹ میڈیسن ڈیلر احمد رضا، محمد احسن اورسلیمان ارشد بھی شامل ہیں۔ ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کی مختلف قسم کی قیمتی ادویات برآمد ہوئی ہیں ، ملزمان نے انکشاف کیا کہ پاک میڈیکو کے نام سےمیڈیسن کمپنی بنائی اور ملزمان ادویات پر لگی سرکاری مہر کو صاف کرتےتھے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ اس حوالے سےایک جامع تحقیقات جاری ہیں۔