تاجر برادری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا

07-16-2024

(ویب ڈیسک) ملک کی تاجر برادری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا۔

مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مستر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے عوام پر مسلسل ظلم ڈھا رہی ہے۔ تنظیم کے صدر کاشف چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل ہو چکا ہے اور اس پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، جس سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں کے باعث پیداواری لاگت ناقابل برداشت حد تک بڑھ چکی ہے، بجلی اور گیس کی موجودہ قیمتوں میں کاروبار جاری رکھنا ناممکن ہوچکا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے بجلی کے بعد عوام پر پٹرول بم گراتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9.99 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ کردیا ہے، جس کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 9.99روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 6 روپے 18 پیسے بڑھائی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ شب 12 بجے ہوگیا ہے جو اگلے 15 دن تک نافذ رہیں گی۔