عاشورہ کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں: سلمان رفیق

07-16-2024

(لاہور نیوز) صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ نویں اور دسویں محرم کی مجالس و جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، سپیشل سیکرٹری داخلہ و دیگر افسران نے کنٹرول روم کے حوالے سے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر کی مجالس و جلوسوں کی کنٹرول روم کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، تمام مجالس و جلوسوں کو چار لیئرز میں سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں محرم کے تمام جلوسوں کے روٹس پر ہزاروں کی تعداد میں پولیس اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں، تمام انتظامیہ کو آپس میں مضبوط رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ  تمام ڈویژنز میں جا کر حکومت پنجاب کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کا پیغام پہنچایا ہے، علماء کرام سے اتحاد بین المسلمین کا درس دینے کی استدعا کرتے ہیں،  پوری کوشش ہے محرم الحرام خیریت سے گزرے۔