نواسہ رسولؐ کی قربانی کا سبق ہےحق کی حفاظت جان سے زیادہ ضروری ہے:حمزہ شہباز

07-16-2024

(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے کہا ہے نواسہ رسولؐ کی قربانی کا سبق ہے کہ حق کی حفاظت اپنی جان کی حفاظت سے زیادہ ضروری ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓ اور ان کے رفقاء کی قربانی نے قوموں کی بقاء اور زندگی کیلئے تا ابد رہنمائی کی مشعل روشن کی، معرکہ کربلا زہد و تقویٰ اور شجاعت کی ایسی مثال ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؓ نے ظالم کی اطاعت کی بجائے شہادت کا راستہ اختیار کیا، جب بھی کلمہ حق بلند کرنے کا ذکر آئے گا تو تاریخ انسانیت میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی بے مثال جرأت، بہادری اور لازوال قربانیوں کی گونج سنائی دے گی۔ حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کا یہ سبق بھی ہے کہ آزمائش کی ہر گھڑی میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اللہ کے حضور سرخرو ہوا جا سکتا ہے۔