عاشورہ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں:آئی جی

07-16-2024

(لاہور نیوز) انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ عاشورہ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس ہائی الرٹ ہے، 9 ویں محرم الحرام کے عزاداری جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے،  آج لاہور سمیت صوبہ بھر میں 1686 عزاداری جلوس برآمد اور 3853 مجالس منعقد ہوں گی جن  میں اے کیٹیگری کے 194 عزاداری جلوس اور 345 مجالس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ   صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج 79 عزاداری جلوس برآمد اور 378 مجالس منعقد ہو رہی ہیں جن میں  کیٹیگری اے کے 24 عزاداری جلوس اور  46 مجالس شامل ہیں، لاہور سمیت صوبہ بھر میں 9ویں محرم الحرام کے دوران 65 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی پر مامور ہیں۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور میں 10 ہزار سے زائد افسران و اہلکار 9ویں محرم کو سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں،  حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عمل درآمد ہرصورت یقینی بنایا جائے گا،  ملک اور امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں، بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ  آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز  تمام سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں،  سیف سٹیز اتھارٹی، سنٹرل پولیس آفس سمیت تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سے سکیورٹی انتظامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے،  سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سمیت جدید آلات سے سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ یوم عاشورہ کے مرکزی جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،  عزاداری جلوسوں کے روٹس پر آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز، جلوسوں کے ساتھ سادہ لباس میں کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں،  کمیونٹی لیڈرز، انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کے تعاون سے 9ویں محرم کا پرامن انعقاد یقینی بنائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی وزراء، علماء کرام، آرمڈ فورسز، رینجرز، سکیورٹی ایجنسیز کا بھرپورتعاون حاصل ہے،  ڈبل سواری پر پابندی ہے، ضرورت کے تحت مخصوص مقامات اور اوقات میں موبائل سروس پر بھی جزوی پابندی ہو گی۔