پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے محرم الحرام کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات

07-16-2024

(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے بھی محرم الحرام کیلئے خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق سیف سٹی سنٹر سے شہر بھر میں منعقد ہونے والی مجالس،جلوسوں اور امام بارگاہوں کی کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے، تمام ضروری مقامات کو اضافی پورٹ ایبل کیمروں کے ذریعے کوور کیا گیا ہے۔ اتھارٹی ترجمان نے بتایا ہے کہ سیف سٹی ہیڈکوارٹر میں 250 سے زائد پولیس کمیونی کیشن افسران اور ٹیکنیکل ٹیمیں 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں، شہر بھر میں مجالس،جلوسوں اور امام بارگاہوں کی مکمل کوریج کیلئے ایک ہزار سے زائد کیمرے 24 گھنٹے فعال ہیں۔ ترجمان کے مطابق جلوس کے راستوں پر سیف سٹی کی موبائل کمانڈ وہیکل سے بھی مانیٹرنگ کی جائیگی، لاہور پولیس سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندے بھی سیف سٹی سنٹر میں ڈیوٹی دے رہے ہیں، شہری اپنے اردگرد مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 15 پر اطلاع دیں۔