ملک بھر میں 9 محرم کے جلوس مقررہ راستوں کی جانب گامزن ،سخت سکیورٹی انتظامات
07-16-2024
(لاہور نیوز) نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس مقررہ راستوں کی جانب گامزن ہیں۔
لاہور میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ اور پرانی انارکلی سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس میں شامل عزاداروں کی جانب سے نوحہ خوانی اور سینہ کوبی بھی کی جا رہی ہے جبکہ جلوس کے راستوں پر عزاداروں کے لئے سبیلوں اور لنگر حسینی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں،علاقے میں واک تھرو گیٹس لگائے گئے ہیں جبکہ خار دار تاریں، کنٹینر اور بیریئر لگا کر جلوس کی آمد گاہ اور راستے کو سیل کر دیا گیا، جلوس میں شامل ہونے والوں کو سخت چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جارہی ہے۔ پانڈو سٹریٹ کے علاقے میں 40 ریزرو، 16 ایس ایچ اوز، 6 ڈی ایس پیز اور 2 ایس پیز ڈیوٹی دیں گے، جلوس کو سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹر کیا جا رہا ہے جس کے لیے ڈی سی آفس اور محکمہ داخلہ پنجاب میں کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور میں 8 ویں محرم کا جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا بلاک سیداں میں اختتام پذیر ہوا، جلوس کی گزر گاہوں پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہی، 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے۔ دوسری جانب آج کراچی، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں بھی 9 محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس اور عزاداری کا سلسلہ جاری ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔