ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ: قومی ٹیم کل سری لنکا روانہ ہو گی

07-15-2024

(ویب ڈیسک) ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 2024 میں شرکت کے لئے 15 رکنی قومی ویمنز ٹیم منگل کو سری لنکا روانہ ہو گی۔

پاکستان ویمن ٹیم کی منگل کو کراچی سے دبئی کے راستے سری لنکا روانگی طے ہے، 19 تا 28 جولائی دمبولا میں ہونے والے 9 ویں ویمنز ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 19 جولائی کو روایتی حریف اور دفاعی چیمپئن بھارت کے خلاف کھیلے گی۔ قومی ویمن ٹیم ندا ڈار ( کپتان)، عالیہ ریاض، ڈائنا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، عمائمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرا امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ وہاب اور طوبہ حسن پر مشتمل ہے۔ محمد وسیم ہیڈ کوچ، سابق ٹیسٹ بولرز عبدالرحمنٰ اور جنید خان بالترتیب سپن بولنگ کوچ اور اسسٹنٹ کوچ، حنا منور مینجر، حنیف ملک فیلڈنگ کوچ رابعہ صدیق فزیو اور ولید احمد تجزیہ کار کی ذمہ داری ادا کریں گے۔ ٹورنامنٹ میں شریک 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیپال اور متحدہ عرب امارات جبکہ گروپ بی میں بنگلا دیش، ملائیشیا، تھائی لینڈ اور میزبان سری لنکا شامل ہے۔