قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں اہم کھلاڑیوں کی شرکت سوالیہ نشان
07-15-2024
(ویب ڈیسک) رواں ماہ مختلف شہروں میں بیک وقت شروع ہونے والی قومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان کی اہم پلیئرز کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا، ایونٹ کو کلبز تک محدود کردیا گیا ہے جبکہ ڈیپارٹمنٹس نے اپنے پلیئرز کلبز کے لیے ریلیز کرنے سے انکارکردیا ہے ۔
21 جولائی سے شروع ہونے والے ایونٹ کے لیے پی ایف ایف نے ڈیپارٹمنٹس کو نہیں بلایا، قومی چیمپئن شپ میں صرف کلبز کو دعوت دی ہے تاہم پاکستان قومی ٹیم کی اکثر پلیئرز مختلف ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ وابستہ ہیں اور ڈیپارٹمنٹس نے کھلاڑیوں کو کلبز سے کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے ۔ قوانین کے مطابق پلیئرز کو کلبز کی نمائندگی کے لیے ڈیپارٹمنٹس کی باضابطہ اجازت درکار ہوگی تاہم واپڈا، آرمی اور ایچ ای سی اپنے کلبز کو ریلیز کرنے کو تیار نہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈیپارٹمنٹس نے بغیر این او سی کھیلنے پر پلیئرز کو انضباطی کارروائی کی وارننگ دی ہے ۔ پاکستان ویمن ٹیم کی ملیکہ نور، نشاء اشرف، علیزہ صابر، رامن فرید آرمی کی پلیئرز ہیں۔ انمول حرا ایچ ای سی جبکہ عالیہ صابر، صنوبر اور فاطمہ انصاری واپڈا سے کھیلتی ہیں۔ مختلف کلبز نے ڈیپارٹمنٹ کی ان کھلاڑیوں کو اپنی فہرست میں شامل کیا ہے تاہم ڈیپارٹمنٹس نے باضابطہ اجازت نہ دی تو اہم پلیئرز کی چیمپئن شپ میں شرکت مشکل ہوجائے گی ۔