موجودہ اور سابقہ اہلیہ دونوں ہی بے حد اچھی انسان ہیں: محب مرزا

07-15-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کے معروف اداکارو میزبان محب مرزا کا کہنا ہے کہ ان کی سابقہ اہلیہ آمنہ شیخ اور موجودہ اہلیہ صنم سعید دونوں ہی بے حد اچھی انسان ہیں۔

حال ہی میں اداکار نے ایک ویب شو میں شرکت کی ۔میزبان آمنہ عیسانی نے اداکارہ سے پوچھا کہ 'خواتین جو انسان کی زندگی میں ہوتی ہیں اس کے بھی مثبت اثرات ہوتے ہیں اور آپ کی زندگی میں دو ذہین ترین خواتیں رہیں، ایک سابقہ اہلیہ آمنہ اور ایک موجودہ صنم سعید'۔ میزبان نے سوال جاری رکھا کہ 'آمنہ کی بات کی جائے تو وہ شاندار اور کامیاب اداکارہ ہیں، فٹنس لیول میں بھی بہترین اور یہ ہی سب صنم بھی ہیں، تو ان خواتین کا آپ کی زندگی پر کیا اثر ہوا؟' جواب میں محب مرزا نے کہا کہ 'آمنہ کی بات کریں یا صنم کی بات کی جائے، دونوں ہی بہت اچھی انسان ہونے کے ساتھ ساتھ اچھے گھرانوں سے تعلق رکھتی ہیں، دونوں کی پرورش ان کی ماؤں نے بہت اچھی کی جو کہ ان کی شخصیت میں نظر آتا ہے'۔ آمنہ شیخ سے طلاق پر محب نے کہا کہ 'میرے جو معاملات ان کے ساتھ ہوئے وہ ہمارا ذاتی معاملہ ہے کیونکہ دو لوگوں میں مسائل اور فرق آجاتے ہیں لیکن وہ انسان بہت کمال کی ہیں'۔ اداکار نے کہا کہ 'یہ ہی سب صنم میں بھی ہے اور میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ دونوں میری زندگی میں شامل ہوئیں'۔ محب مرزا نے اپنی اہلیہ صنم سعید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم ایک دوسرے کے ساتھ بہت دوستانہ ہیں، میں اُنہیں اردو سکھاتا ہوں اور وہ مجھے انگریزی سکھاتی ہیں، میں اور صنم جب کسی پراجیکٹ میں ساتھ کام کرتے ہیں تو شوٹنگ کے دوران ہمارا وقت ہنسی مذاق میں بہت اچھے سے گزرتا ہے'۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں صنم سعید اور محب مرزا نے اپنی شادی کا اعلان کیا تھا، دونوں اداکاروں کی یہ دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل محب مرزا نے 2005 میں اداکارہ آمنہ شیخ سے شادی کی تھی، دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے لیکن سال 2019 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔ دوسری جانب صنم سعید نے سال 2015 میں اپنے دوست فرحان حسن سے شادی کی تھی تاہم ان کی بھی پہلی شادی طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔