صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ

07-15-2024

(ویب ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کو بلوچستان پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق صنم جاوید کو اسلام آباد کی جی الیون کچہری پیش کیا جائے گا، کچہری سے بلوچستان پولیس صنم جاوید کا راہداری ریمانڈ لے گی، راہداری ریمانڈ کے بعد صنم جاوید کو بلوچستان منتقل کیا جائے گا۔  صنم جاوید کی بازیابی کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر دوسری جانب پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کی رہائی کے لیے ان کے والد جاوید اقبال نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں  درخواست دائر کردی، جاوید اقبال خان نے بائیومیٹرک کرالی، صنم جاوید کے شوہر اور دیگر اہل خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے رہائی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کارکن صنم جاوید کو اسلام آباد پولیس نے دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔ عدالت نے صنم جاوید کے وکلا ء کی مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا منظور کرلی تھی اور رہائی کے بعد صنم جاوید گھر روانہ ہوگئی تھیں تاہم کچھ ہی دیر بعد اسلام آباد کے تھانہ رمنا کی پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا تھا۔ صنم جاوید کے خلاف ایف آئی اے میں درج مقدمے میں ان پر  سوشل میڈیا پر سکیورٹی ادارے کے خلاف ہرزہ سرائی کا الزام تھا۔