پنجاب میں طوفانی بارشوں سے 24 افراد ہلاک، 80 زخمی ہو گئے، این ڈی ایم اے

07-14-2024

(لاہور نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک جبکہ 80 زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران صوبہ پنجاب اور سندھ میں مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں ایمرجنسی کے حالات پیدا ہونے کا خدشہ ہے، حالیہ بارشوں میں لاہور، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، کوٹ ادو اور بہاولپور متاثر ہوئے ہیں، ان بارشوں میں 40 کے لگ بھگ گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ضلعی حکام سے صورتحال کو 24 گھنٹے مانیٹر کرنے کی ہدایت کی ہے، این ڈی ایم اے نے اپنے بیان میں کہا ہے واسا کو سرگرم رہنے اور خاص طور پر نشینی علاقوں سے پانی نکالنے کے لئے ضروری سامان تیار رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، پنجاب میں مون سون کی بارشیں 15 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے تاہم ابھی تک صوبے کے دریاؤں اور نہروں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، ہنگامی حالات میں پی ڈی ایم اے ایک کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔