آئی ایم ایف اور حکومت کی غلط پالیسیوں سے ٹیکسٹائل ملیں بند ہونے لگیں: اپٹما ذرائع

07-14-2024

(ویب ڈیسک) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) ذرائع نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث لارج سکیل فیکٹریاں بند اور ہزاروں افراد بیروزگار ہو گئے۔

اپٹما ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور حکومت کی غلط پالیسیوں سے ٹیکسٹائل ملیں بند ہونے لگیں، دو سال میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں 170فیصد تک اضافہ ہوا جس کے باعث 100 کے قریب لارج سکیل فیکٹریاں بند ہو گئیں اور ہزاروں لوگ بیروزگار ہوئے۔ اپٹما ذرائع نے بتایا کہ بند ہونے والی فیکٹریوں میں 50 ٹیکسٹائل مل بھی شامل ہیں۔ مل مالکان کے مطابق 2022 میں بجلی 16 روپے فی یونٹ تھی جو آج 42 روپے فی یونٹ ہے، 2022 میں انڈسٹری کو گیس 14 روپے یونٹ مل رہی تھی اور آج 40 روپے یونٹ ہے۔ اپٹما ذرائع کا کہنا ہے کہ دو سال میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 19 ارب ڈالر سے کم ہو کر 16 ارب ڈالر رہ گئیں۔