توشہ خانہ نیا ریفرنس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
07-14-2024
(ویب ڈیسک) توشہ خانہ کے نئے ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں نیب کے نئے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی، دوران سماعت ڈپٹی ڈائریکٹر نیب محسن ہارون نے دونوں کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلاء چودھری ظہیر عباس اور عثمان گل ایڈووکیٹ نے ریمانڈ کی مخالفت کی۔ عدالت نے نیب حکام کی استدعا پر دونوں کا 8، 8 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے 22 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ واضح رہے کہ نیب ٹیم نے توشہ خانہ ریفرنس میں گزشتہ رات بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری ڈالی تھی۔ یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر نیا کیس دس قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے، نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق عمران خان پر ایک نہیں، سات گھڑیاں خلاف قانون لینے اور بیچنے کا الزام ہے۔ گراف واچ ، رولیکس گھڑیاں، ہیرے اور سونے کے سیٹ کیس کا حصہ ہیں، تحفے قانون کے مطابق اپنی ملکیت میں لئے بغیر ہی بیچے جاتے رہے۔ خیال رہے کہ آج وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کیلئے سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔