ایشیا کپ: ندا ڈار بھارت کو چاروں شانے چت کرنے کیلئے پرامید

07-14-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم سے فتح کی امید ظاہر کی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ویمن ٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا تھا کہ ویمن ایشیا کپ میں پہلا میچ ہی بھارت سے کھیلنا ہے جس کیلئے ٹیم میں کافی جوش و خروش ہے، بھارت کو پہلے بھی ہرایا ہے اس بار بھی جیت کر ایشیا کپ کا فاتحانہ آغاز کرنا چاہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایشیا کپ کا سیمی فائنل کھیلے تھے لیکن کامیابی نہیں ملی تھی، اس بار تیاری اچھی ہے فائنل جیتنے کیلئے پرامید ہیں، میری کپتانی میں ہونے والی مختلف سیریز تو ہم نے بہت جیتیں لیکن کوئی ٹرافی نہیں اٹھائی۔ ندا ڈار نے خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ چاہتی ہوں میری قیادت میں پاکستان ویمن ٹیم ایشیا کپ یا ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھائے، ایشیا کپ سری لنکا جبکہ ورلڈ کپ بنگلادیش میں ہوگا، دونوں میگا ایونٹس ایشین کنڈیشنز میں ہیں اور ہمیں ایشین کنڈیشنز میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایشیا کپ سے ورلڈ کپ کی تیاریوں کا موقع ملے گا، پی سی بی ویمن کرکٹ پر بہت توجہ دے رہا ہے اور اچھے اقدام بھی کر رہا ہے، ایسے فیصلوں سے ویمن کھلاڑیوں کو اعتماد ملتا ہے۔