جھوٹی تعریفیں کرنے والوں پر شدید غصہ آتا ہے : نادیہ خان
07-14-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے کہا ہے کہ اُنہیں اپنی جھوٹی تعریفیں سُننا بالکل پسند نہیں بلکہ جھوٹی تعریفیں کرنے والوں پر شدید غصہ آتا ہے۔
حال ہی میں نادیہ خان نے اپنی ساتھی اداکارہ ماہم منیر اور سلمیٰ حسن کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی۔ مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے نادیہ خان نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کا تذکرہ کیا، اداکارہ نے کہا کہ پاکستان کی ایک خاتون ڈیزائنر سے میری دو بار ملاقات ہوئی اور جب ہم تیسری بار ملے تو اُس ڈیزائنر نے میری تعریفوں کے پُل باندھ دیے، مجھے کہا کہ نادیہ تمہارا دل سونے کا ہے، تُم بہت خوبصورت ہو وغیرہ وغیرہ۔ نادیہ خان نے کہا کہ میں نے اپنی تعریفیں سُن کر خاتون ڈیزائنر سے پوچھا کہ کیا آپ مجھے جانتی ہیں؟ ہم تیسری بار مل رہے ہیں اور آپ نے میری جو تعریفیں کی ہیں، مجھ میں ایسی کوئی بھی خوبی نہیں ہے۔ اداکارہ کے مطابق اُنہوں نے خاتون سے کہا کہ تم نے جتنی زیادہ میری تعریفیں کردی ہیں، یہ سُن کر مجھے گھبراہٹ ہورہی ہے، یہ سب بکواس ہے، پلیز چُپ کر جاؤ، میری مزید تعریف نہیں کرنا۔ اُنہوں نے کہا کہ میں نے خاتون ڈیزائنر سے کہا کہ آپ مجھے پسند ہیں، اگر آپ کو مجھ سے کوئی کام ہے تو میں آپ کا کام کردوں گی لیکن براہِ کرم! میری جھوٹی تعریفیں نہیں کرو کیونکہ مجھے جھوٹی تعریفوں سے سخت چِڑ ہوتی ہے۔ نادیہ خان نے مزید کہا کہ جب کوئی میرے منہ پر میری جھوٹی تعریفیں کرتا ہے تو مجھے ایسا لگتا ہے کہ میرے اوپر کیڑے چل رہے ہیں۔