شہر میں بارش سے متاثرہ بجلی کا ترسیلی نظام تاحال مکمل بحال نہ ہو سکا

07-13-2024

(لاہور نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور میں بارش سے متاثرہ بجلی کا ترسیلی نظام تاحال مکمل بحال نہ ہوسکا۔

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمرز جلنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کی بھرمار ہے، تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمرز جلنے کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کےمطابق لیسکو کے 46 فیڈرز سے بجلی کی ترسیل معطل ہے، لیسکو کا عملہ فیڈرز بحال کرنے میں مصروف ہے تاہم انفرادی شکایات کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ جن علاقوں میں ٹرانسفارمرز خراب ہیں وہاں رات بھر بجلی بند رہی، گڑھی شاہو، کاپر سٹور،شالیمار، واہگہ، دروغہ والا سمیت کئی  دیہی علاقے رات بھر تاریکی میں ڈوبے رہے۔ ادھر لیسکو میں سٹاف کی شدید کمی کے باعث بجلی کی بروقت بحالی ممکن نہیں بنائی جاسکی، شہری انفرادی شکایات کے لیے لیسکو دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔