نسیم شاہ کو دی ہنڈرڈ کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ
07-13-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو دی ہنڈرڈلیگ کے لیے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ باؤلر کو ورک لوڈ مینجمنٹ کے تحت این او سی جاری نہیں کیا، نسیم شاہ نے این او سی کے لیے درخواست دی تھی جس کے جائزے کے بعد فیصلہ کیا گیا۔ نسیم شاہ گزشتہ سال فٹنس مسائل سے دو چار ہوئے تھے اور اب پاکستان ٹیم کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اہم میچز ہیں۔ ذرائع کے مطابق تینوں فارمیٹ کے فاسٹ باؤلر کو احتیاطی تدابیر کے طور پر این او سی جاری نہیں ہوا اور اس حوالے سے نسیم شاہ کو آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نسیم شاہ کا دی ہنڈرڈ میں برمنگھم فونکس کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا، وہ ایک لاکھ 25 ہزار پاؤنڈز کی مہنگی ترین کیٹگری میں شامل تھے، ان کا معاوضہ پاکستانی روپے میں لگ بھگ ساڑھے چار کروڑ روپے بنتا ہے۔