نئے ڈومیسٹک کنٹریکٹس: کھلاڑیوں کے معاوضے میں بڑے اضافے کا فیصلہ

07-13-2024

(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئے ڈومیسٹک کنٹریکٹس میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں بھاری اضافوں کا فیصلہ کر لیا۔

پی سی بی نے اگلے ڈومیسٹک سیزن کے لیے پلان فائنل کرلیا ، سیزن کا شیڈول اگلے ہفتے جاری کردیا جائے گا جبکہ فٹنس سے مشروط سینٹرل کنٹریکٹس 150 کھلاڑیوں کو ملیں گے۔ شیڈول کے بعد پلیئرز کے کنٹریکٹس کو حتمی شکل دی جائے گی، اس سیزن میں کنٹریکٹ کی تعداد 150 کھلاڑیوں تک محدود کردی جائے گی جبکہ گزشتہ دورانیے میں 360 پلیئرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیئے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کھلاڑیوں کو 3 یا 4 کیٹیگریز میں تقسیم کرے گا، ٹاپ کیٹیگری کے کھلاڑی کو 5 لاکھ روپے سے زائد ماہانہ معاوضہ ملے گا جبکہ گزشتہ سیزن میں ٹاپ کیٹیگری کے پلیئرز کے لیے 3 لاکھ روپے ماہانہ معاوضہ تھا، اس بار کھلاڑیوں کی میچ فیس بھی بڑھے گی۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پی سی بی خواتین کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس اور ڈومیسٹک کنٹریکٹس میں بھی بہتری لا رہا ہے جس کے بعد خواتین کرکٹرز کا معاوضہ بھی دوگنا ہو جائے گا۔