سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ای چالان سے متعلق آگاہی مہم چلانے کا حکم

07-12-2024

(لاہو رنیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ای چالان سے متعلق آگاہی مہم چلانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں سموگ کے تدارک سے متعلق دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے فاروق ہارون سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ ای چالان سے متعلق  عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ای چالان شروع کردئیے ہیں تو پہلے  شہریوں کو آگاہ کریں کہ ای چالان شروع ہوچکے ہیں تاکہ شہری محتاط ہوکر ڈرائیونگ کریں۔ دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن حنا حفیظ نے عدالت کو بتایا کہ بارش کے باعث مال روڈ پر پانی جمع ہے، پی سی ہوٹل کے سامنے گرین بیلٹ کے اوپر سے پانی گزر رہا ہے۔  عدالت نے کہا کہ جوہر ٹاؤن میں واسا نے نکاسی آب کے اچھے انتظامات کیے ہیں، اس طرح کے اقدامات دیگر علاقوں کے لیے بھی کرنے چاہئیں۔ جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس میں کہا کہ کمشنر لاہور کا دفتر بہت شاندار بن چکا ہے، اس پر بہت پیسہ لگا ہے، ججز بھی پرانے کمروں میں بیٹھتے ہیں، کمشنر صاحب نہیں بیٹھ سکتے؟ بعدازاں عدالت نے تدارک سموگ سے متعلق دائر درخواستوں پر مزید سماعت اگست تک ملتوی کردی۔