نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے پانچ مقدمات کے جیل ٹرائل کی سماعت ملتوی

07-12-2024

(لاہور نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے پانچ مقدمات کے جیل ٹرائل پر مزید سماعت 15 جولائی تک ملتوی کر دی۔

 انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج خالد ارشد نے کوٹ لکھپت جیل جا کر مقدمات پر سماعت کی، مقدمات میں نامزد اعجاز چودھری، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی جبکہ خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل سمیت دیگر برضمانت ملزمان حاضری کیلئے عدالت پیش ہوئے۔ واضح رہے کہ عدالت نے پانچ مقدمات کا سپلیمنٹری چالان پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے، ضمنی چالان پیش ہونے پر تمام ملزمان پر دوبارہ فرد جرم عائد ہو گی، عدالت نے اعجاز چودھری اور ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کو چالان کی کاپیاں تقسیم کر رکھی ہیں۔ یاد رہے کہ عدالت کی جانب سے ملزمان کے خلاف راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے تین، زمان پارک اور مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے دو مقدمات میں ضمنی چالان طلب کیا گیا ہے۔