سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
07-12-2024
(ویب ڈیسک) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا۔
سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حامد رضا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے مینڈیٹ چرانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکا، سپریم کورٹ نے بھی الیکشن کمیشن پر اظہار عدم اعتماد کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج سپریم کورٹ نے حق دار کو حق ادا کرکے ادارے کا وقار بحال کر دیا ہے، عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو چاہیے کہ وہ فوری استعفیٰ دیں۔