فوڈ سیفٹی ٹیم کا آئسکریم یونٹ پر چھاپہ، 520 کلو ایکسپائر فلیور تلف،
07-11-2024
(لاہور نیوز) فوڈ سیفٹی ٹیم نے معروف آئسکریم یونٹ پر چھاپہ مار کر 520 کلو ایکسپائر فلیور تلف کر دیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بچوں کی پسندیدہ آئسکریم میں زائد المیعاد اشیاء استعمال کرنے والے معروف برانڈ کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے 1330 کلو ایکسپائر کریم اینڈ چاکلیٹ پاؤڈر اور 520 کلو ایکسپائر فلیور تلف کرکے 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے 46 کلومیٹر ملتان روڈ پر واقع معروف آئسکریم یونٹ پر چھاپہ مارا، ایکسپائر خام مال برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ پروسیسنگ ایریا میں زنگ اور فنگس زدہ دیواریں، ٹوٹے گندے فرش، مری مکھیاں موجود پائی گئیں، واشنگ ایریا میں بدبودار ماحول اور فنگس کی موجودگی، مشینوں، تاروں پر گرد موجود پائی گئی۔ عاصم جاوید نے کہا کہ آئسکریم کی پیکنگ کے لئے نان فوڈ گریڈ اور بغیر تصدیق شدہ مواد استعمال کیا جارہا تھا، معروف برانڈ کے یونٹ سے ایکسپائر خام مال برآمد ہونا انتہائی افسوس ناک ہے، بچوں کی خوراک میں زائد المیعاد خام مال کا استعمال صحت کے لئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے، شہری اشیاء کی خرید سے قبل لیبل ضرور پڑھیں، مکمل جانچ پڑتال یقینی بنائیں۔