ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی، اظہرمحمود کی پی سی بی کو رپورٹ بھیجنے کی تردید
07-11-2024
(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ناقص کارکردگی سے متعلق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو بھیجی گئی رپورٹ سے متعلق خبروں کی تردید کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے پی سی بی کو بھیجی گئی رپورٹ سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ٹی20 ورلڈکپ کی پرفارمنس سے متعلق کوئی رپورٹ نہیں بنائی اور نہ ہی کسی کھلاڑی کی شکایت کی ہے۔ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی سی بی سے میری ملاقات ضرور ہوئی ہے، ملاقات کے دوران کسی کھلاڑی کی انفرادی کارکردگی پر بات کرنے کے بجائے مجموعی طور پر قومی ٹیم کی پرفارمنس پر بات کی۔ قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے چیئرمین پی سی بی کو ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔