پنجاب: کم عمر بچوں کے اغوا کی وارداتیں بڑھنے لگیں

07-11-2024

(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں کم عمر بچوں کے اغواء کی وارداتوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق رواں سال لاہور سمیت پنجاب بھر میں کم عمر بچوں کے اغوا کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں، لاہورمیں بچوں کے اغواء کے 366 مقدمات درج ہوئے، پنجاب بھرمیں بچوں کے اغوا کی ایک ہزار 496 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ پولیس اغوا ہونے والے بچوں میں 20 فیصد بچوں کو بازیاب کروانےمیں ابھی تک ناکام ہے، پولیس لاہور میں 53سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع سے 309بچوں کو بازیاب کرانے میں بے بس  نظر آرہی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور سے396 جبکہ صوبہ  بھر سےایک ہزار 567 بچے اغوا  ہوئے، پولیس لاہور میں 343 جبکہ صوبہ بھر سے 1258بچوں کوبازیاب کراسکی، شیخوپورہ ریجن میں 123اغوا بچوں میں سے 29 بچوں کو بازیاب نہ کروایا جا سکا۔ اسی طرح گوجرانوالہ ریجن میں 330میں سے51 بچے بازیاب نہ ہوسکے، گجرات کے اغوا شدہ 57 بچوں میں سے15، راولپنڈی میں 70 بچوں میں سے15، سرگودھا 52 بچوں میں سے14، فیصل آباد میں 137 اغوا شدہ بچوں میں سے 29 تاحال لاپتہ ہیں۔  ملتان میں 136 بچوں میں سے28 جبکہ ساہیوال 79میں سے19 بچے ابھی بھی گمشدہ فہرست میں شامل ہیں، ڈی جی خان 103 بچوں  میں سے  35 اور  بہاولپور  میں 84 اغوا شدہ بچوں میں سے21 تاحال لاپتہ ہیں، رواں سال سب سے زیادہ بچے لاہور سے اغوا ہوئے ۔