پاسپورٹ بنانے میں تاخیر کا مسئلہ حل کرنے کیلئے نئی مشینیں منگوانے کا فیصلہ

07-11-2024

(لاہور نیوز) ملک بھر میں پاسپورٹ بنانے میں تاخیر کا مسئلہ حل ہونے کے قریب پہنچ گیا۔

حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پاسپورٹ بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات تیز کردیئے گئے، حکومت نے پاسپورٹ پرنٹ کرنیوالی مزید نئی مشینیں منگوانے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈی جی پاسپورٹس اینڈ امیگریشن نے  نئی مشینوں کے حوالے سے ریکوزیشن تیار کرکے وزارت داخلہ کو ارسال کردی، ستمبر میں نئی مشینیں بیرون ملک سے منگوالی جائیں گی۔ حکام کے مطابق نئی مشینوں میں 6 ڈیسک ٹاپ اور 2 ای پاسپورٹ مشینیں منگوائی جائیں گی، نئی مشینیں ایک گھنٹے میں ایک ہزار پاسپورٹ پرنٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ ایک سال سے پاسپورٹ بنانے کا عمل تاخیر کا شکار ہے، پاسپورٹ میں تاخیر کی وجوہات کاغذکی کمی اور مشینریوں کی کم استعداد تھی۔