ڈیجیٹائزیشن اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی ترجیح ہے: مریم نواز

07-11-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل جدت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینا پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پی ٹی سی ایل گروپ کے صدر اور سی ای او حاتم باماترف اور گروپ چیف ریگولیٹری آفیسر نوید خالد بٹ نے ملاقات کی، پنجاب میں ڈیجیٹائزیشن اور ڈیجیٹل کمیونی کیشن کے لیے تعاون پر گفتگو ہوئی۔ حاتم باماترف نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے ڈیجیٹل پنجاب ویژن کو سراہا اور تعاون کی یقین دہانی کرائی، سی ای او پی ٹی سی ایل نے عوامی منصوبوں کیلئے پی ٹی سی ایل کی جانب سے ہائی سپیڈ انٹرنیٹ اور بہتر کنیکٹیوٹی کے امور پر وزیراعلیٰ کو  بریفنگ دی۔ ملاقات میں شہری اور دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ کی رسائی بہتر بنانے کے لئے ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر کی توسیع اور بہتری پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ای کامرس اور فری لانسنگ سروسز سے روزگار کے حصول کیلئے تیز ترین انٹرنیٹ انتہائی اہم ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پراجیکٹس پر دیہی اور شہری علاقوں میں یکساں طور پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ  ڈیجیٹل جدت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینا پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، لاہور میں فری وائی فائی سروس کا آغاز کیا گیا ہے دیگر اضلاع میں بھی سروس جلد شروع کی جائے گی۔