لاپتہ شخص کی لاش فیصل آباد سے برآمد، نوجوان قتل، 2 بچے بازیاب

07-11-2024

(لاہور نیوز) فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق ، پولیس نے 2 بچے بازیاب کروا لیے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے نشتر کالونی سے غائب ہونے والے شہری کی لاش فیصل آباد سے برآمد کر لی گئی، مقتول کی شناخت رانا عبدالرحمان کے نام سے ہوئی جو دو روز قبل لاپتہ ہو گیا تھا، پولیس نے لاش قبضے میں لے کر قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ دوسری جانب مریدکے میں بھی نامعلوم افراد نے نوجوان کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ موقع پر دم توڑ گیا، مرنے والے نوجوان کی شناخت شاہد کے نام سے ہوئی، فائرنگ کے بعد موٹرسائیکل سوار ملزم فرار ہو گئے، ورثاء نے ملزموں کی گرفتاری کیلئے احتجاج کیا۔ پھولنگر کے علاقے تھانہ سٹی کی حدود میں پولیس نے کارروائی کر کے 2 بچوں کو بازیاب کروا لیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، مغوی بچوں کی عمریں 10 سے 12 سال کے درمیان تھیں، پولیس نے ناکہ بندی کر کے اغواء کاروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔