سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں بارے کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان

07-11-2024

(لاہور نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملیں گی یا نہیں؟، سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کا محفوظ فیصلہ آج سنائے جانے کا امکان ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ نے ایک روز قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ گزشتہ روز چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی صدارت میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں 13 رکنی فل کورٹ میں شامل تمام ججز شریک ہوئے، اجلاس تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہا، جس میں سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کی سماعت مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا اور چیف جسٹس نے کہا تھا کہ فیصلہ کب سنایا جائے گا ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، فیصلہ سنانے سے متعلق آپس میں مشاورت کریں گے۔