'وہاب، عبدالرزاق کی برطرفی! یہ سرجری سمجھ سے باہر ہے' شاہد آفریدی کا ردعمل

07-10-2024

(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹی سے ہٹائے جانے پر حیرانی کا اظہار کردیا۔

ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ میں شریک پاکستانی ٹیم کے رکن شاہد آفریدی نے جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی کپتان کو اتنے مواقع نہیں ملے جتنے بابراعظم کو ملے، ورنہ ہماری روایت ہے کہ میگا ایونٹ میں ناقص فارم کے بعد کپتان پہلے گھر جاتا ہے۔ سلیکشن کمیٹی سے رزاق اور وہاب کی برطرفی پر سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ یہ اقدام تھا جس کو “سرجری” قرار دیا گیا تھا، ایمانداری کیساتھ یہ سرجری میری سمجھ سے باہر ہے۔ سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ میں نے مصباح، یونس نے پاکستانی ٹیم کی قیادت کی لیکن اتنے مواقع کبھی نہیں ملے، اتنا سب کچھ ملنے کے بعد بھی بابراعظم خود کو ثابت نہیں کرسکے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ سابق کرکٹرز وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹی سے ہٹادیا گیا ہے، اب قومی ٹیم کیلئے اِن خدمات کی ضرورت نہیں۔ دونوں سابق کرکٹرز ٹی20 ورلڈکپ سمیت نیوزی لینڈ اور انگلینڈ دورے کے دوران مینز سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے۔ دوسری جانب اعلامیے میں سلیکشن کمیٹی کے دیگر تین اراکین محمد یوسف، اسد شفیق اور بلال افضل کے مستقبل سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے، جس پر سوالات اُٹھ رہے ہیں۔ بورڈ کی جانب سے فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں کرکٹرز لیجنڈز لیگ ٹورنامنٹ کھیلنے میں مصروف ہیں، اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم 5 میں سے 4 میچز جیت کر ٹاپ پوزیشن پر موجود ہے۔