پنجاب پولیس کے 45 افسران و اہلکار منشیات سمگلنگ سرگرمیوں میں ملوث

07-10-2024

(ویب ڈیسک) پنجاب پولیس کے 45 افسران و اہلکار مبینہ طور پر منشیات سمگلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث نکلے جن کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

آئی جی پنجاب نے ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب نے سی پی او راولپنڈی و گوجرانولہ سمیت اضلاع کے ڈی پی اوز کو مراسلے کے ذریعے احکامات دیے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ منشیات سمگلنگ کی سرگرمیوں میں ملوث افسران و اہلکاروں کے خلاف ایکشن لیا جائے اور ایکشن لیکر حتمی صورتحال کے متعلق سنڑل پولیس آفس کو مفصل رپورٹ بھی ارسال کی جائے۔ مراسلے کے ساتھ افسران اور اہلکاروں کی فہرست بھی مہیا کی گئی ہے ۔ فہرست میں کانسٹیبل سے لیکر اے ایس آئی، سب انسپکٹر اور انسپکٹر سطح تک کے افسران و اہلکاروں کے نام شامل ہیں جبکہ موجودہ و سابق ایس ایچ اوز اور چوکی انچارج کے نام بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، فہرست میں راولپنڈی کے دو سب انسپکٹرز، اٹک کے ایک انسپکٹر، 4 سب انسپکٹرز، ایک اے ایس آئی اور ایک کانسٹبل کا نام بھی شامل ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، حافظ آباد، میاں چنوں، پاک پتن، مظفر گڑھ، بہاولپور اور رحیم یار خان کے بھی پولیس افسران و اہلکار شامل ہیں۔