’’یہ صرف بیٹے کی خوشی نہیں کوئی اور ہی کہانی ہے‘‘
07-10-2024
(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
اننت امبانی اور اُن کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ 12 جولائی کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے لیکن اس جوڑے کی شادی کی تقریبات رواں سال مارچ کے مہینے سے جاری ہیں۔ مکیش امبانی نے مارچ میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کیلئے تین روزہ پری ویڈنگ تقریبات کا انعقاد کیا تھا، پری ویڈنگ تقریبات میں دنیا بھر کی چند بااثر شخصیات اور نامور بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی تھی ۔ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کا دوسرا جشن 29 مئی سے یکم جون تک اٹلی اور جنوبی فرانس میں کروز پر منایا گیا تھا جبکہ رواں ماہ کی شروعات سے ممبئی میں جوڑے کی شادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان تقریبات میں بھی دُنیا کے معروف شوبز اسٹارز اور بالی ووڈ شخصیات شرکت کرتے اور پرفارم کرتے نظر آرہے ہیں، اور شادی کی تقریبات کا سلسلہ 14 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس طویل اور مہنگی ترین شادی سے جہاں سوشل میڈیا صارفین تنگ آگئے ہیں تو ایسے میں پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے اپنی انسٹاگرام سٹوری میں کہا کہ میں نے دولت دکھانے کا ایسا بیہودہ طریقہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ زویا ناصر نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ آپ نے محنت سے پیسہ کمایا ہے اور آپ اپنی خوشیوں پر پیسہ لگا کر پوری دُنیا کو دِکھانا بھی چاہتے ہیں لیکن میرے نزدیک یہ صرف بیٹے کی خوشی نہیں بلکہ کوئی اور ہی کہانی ہے۔