آئی ٹی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو ہنرمند بناناچاہتے ہیں: مریم نواز
07-10-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو ہنرمند بنانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے رکن صوبائی اسمبلی عدنان افضل چٹھہ نے ملاقات کی،ملاقات میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں ،عوامی مسائل اور ضروریات پر گفتگو کی گئی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ رکن پنجاب اسمبلی عدنان افضل چٹھہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو 100 دنوں میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر خراج تحسین پیش کیا،انہوں نے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز پراجیکٹس کو بھی سراہا۔ عدنان افضل چٹھہ نے یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو پراجیکٹس کی تعریف کی، ملاقات میں ٹیوٹا اور ٹیکنیکل ایجوکیشن میں جدت سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو نوجوانوں کے لئے کامیابی کی نوید ہوگا، ٹیوٹا کورسز کیلئے طلبہ کی تعداد 4 ہزار سے بڑھا کر بتدریج 40 ہزار کی جائے گی، سکلز ڈویلپمنٹ کی ٹریننگ مکمل مفت ہے۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ٹیوٹا پروگرام میں مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق کورسز شامل کیے جائیں گے ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن سے نوجوانوں کو ہنر مند بنانا چاہتے ہیں ،نوجوان معاشی طور پر با اختیار ہوگا تو اپنی فیملی کو سپورٹ کرسکے گا۔