لیجنڈز چیمپئن شپ: مسلسل 4 کامیابیوں کے بعد پاکستان کو پروٹیز سے شکست
07-10-2024
(ویب ڈیسک) ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء میں مسلسل چار کامیابیوں کے بعد ساؤتھ افریقہ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
انگلینڈ کی میزبانی میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2024ء کے میچ میں ساؤتھ افریقہ چیمپئنز کے کپتان جیک کیلس نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیمیں نارتھمٹن کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں مد مقابل ہوئیں۔ ساؤتھ افریقہ کی دعوت پر پاکستانی بیٹرز نے کھیل کا جارحانہ آغاز کیا، اوپنر شرجیل خان نے ساؤتھ افریقہ کیخلاف بھی بھارت جیسا انداز اپنایا اور 200 کے سٹرائیک ریٹ سے 36 گیندوں پر 72 رنز بنائے جبکہ کامران اکمل صرف 13 رنز ہی بنا پائے اور کیچ آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔ تیسرے اور چوتھے نمبر پر آنے والے صہیب مقصود اور شاہد آفریدی نے بالترتیب 24 اور 20 رنز بنائے، دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور عبدالرزاق نے 33 گیندوں پر 75 رنز کی شراکت قائم کی اور مقررہ 20 اوورز میں ٹیم کا مجموعی سکور 210 تک پہنچا دیا۔ شعیب ملک 26 گیندوں پر 51 اور عبدالرزاق 15 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ساؤتھ افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین، ویرنن فل لینڈر، چارل لینگ ویلٹ اور عمران طاہر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے جواب میں ساؤتھ افریقہ کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ ہوا، 27 کے مجموعی سکور پر اوپنر جے پی ڈومنی کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے، دوسرے نمبر پر آنے والے سیرل ایروی نے جیک کیلس کیساتھ ملکر پاکستانی باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔ سیرل ایروی نے 57 گیندوں پر 105 رنز کی بہترین ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جبکہ اوپنر جیک کیلس بھی 47 گیندوں پر 82 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ سہیل خان نے حاصل کی۔ یاد رہے کہ ایونٹ میں پاکستان نے آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز، بھارت اور انگلینڈ سے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔