بجلی بلوں میں بے پناہ اضافے کیخلاف درخواست پر نیپرا سے جواب طلب
07-09-2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے200 یونٹس سے زائد بجلی کےبلوں میں پروٹیکٹو اور نان پروٹیکٹو ٹیرف کی بنیاد پر بے پناہ اضافے کے خلاف درخواست پر نیپرا سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ وکیل درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ بجلی چوری روکنے کی بجائے سارا خسارہ عام صارف پر ڈال دیاگیا، بجلی سپلائی کمپنیاں اووربلنگ میں بھی ملوث ہیں، عام صارف کےلئے 200 یونٹ سے زائد بل پر رعائت ختم کردی گئی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 200 سے زائد یونٹس کےاستعمال پر رعائت ختم کرنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، 200 سے زائد ایک بھی اضافی یونٹ کی قیمت سیکڑوں گنا بڑھانا اور چھ ماہ تک وصولی استحصال ہے۔ وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ نیپرا کی استحصالی پالیسی کوماورائے آئین قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیاجائے جس پر جسٹس رسال حسن سید نے ریمارکس دیئے کہ کس بنیاد پر بجلی کی قیمتیں بڑھائی گئی ہیں عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے بجلی بلوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف درخواست پر نیپرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔