ملک بھر میں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں ڈرون کے استعمال پر پابندی کا فیصلہ

07-08-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کے قیام سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں محرم الحرام کے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، یکم محرم سے دس محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں ڈرون کے استعمال پر پورے ملک میں پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں متعلقہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا، محسن نقوی نے کہا کہ انٹرنیٹ یا موبائل فون کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس ضمن میں زمینی حقائق اور سکیورٹی صورتحال کے مطابق فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ وفاق صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا، امن عامہ سے متعلق صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ اجلاس میں بارشوں کے پیش نظر جلوسوں اور مجالس کے لئے پیشگی پلان تیار کرنے کی ہدایت کی گئی، داخلی اور خارجی راستوں پرسخت چیکنگ کا حکم دیا گیا، وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جلوسوں و مجالس کی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے، ضابطہ اخلاق کی پابندی کرائی جائے۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھرپور توجہ دی جائے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کے آئی جیز پولیس اور سیکرٹریز داخلہ نے محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے پلان پر بریفنگ دی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز پولیس، سیکرٹریز داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔