پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل کرنے پر ڈسکوز سے ڈیٹا طلب

07-08-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل کرنے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے تمام ڈسکوز سے ڈیٹا طلب کر لیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اجلاس ہوا جس میں اوور بلنگ کے ایشو کا جائزہ لیا گیا، ایف آئی اے حکام نے اوور بلنگ پر بریفنگ دی۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے ہیڈکوارٹر، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی نارتھ اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے، ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے 3 روز میں ایف آئی اے ڈائریکٹرز کو تمام شواہد جمع کرنے کا ٹاسک دے دیا، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نارتھ کو پشاور، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کو خود جا کر صورتحال کا جائزہ لینے اور ڈیٹا جمع کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز ڈسکوز کے ڈیٹا کو چیک کرکے رپورٹ پیش کریں، تمام شواہد کی جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی، پروٹیکٹڈ صارفین سے زیادتی کا ازالہ کرنا ضروری ہے، ایک ایک شواہد کا جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔