غیرقانونی بھرتیوں کا کیس: پرویز الہٰی کا آج بھی عدالت پیش نہ ہونے کا فیصلہ

07-08-2024

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے آج بھی عدالت پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

اینٹی کرپشن عدالت کے جج صفدر علی بھٹی نے کیس پر سماعت کی، دیگر بر ضمانت ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کرائی  جبکہ رہنما تحریک انصاف چودھری پرویز الہٰی کے   وکلاء نے  سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پرویز الہٰی عرصہ دراز حوالات بند رہے ہیں، سابق وزیراعلیٰ پنجاب ضعیف العمر ہونے کی وجہ سے کمزور اور لاغر ہو چکے ہیں، پی ٹی آئی رہنما کے لیے چلنا پھرنا دشوار ہے معالج نے بیڈریسٹ کا مشورہ دیا ہے۔ درخواست میں استدعا  کی گئی کہ عدالت پرویز الہٰی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔ واضح رہے کہ عدالت نے پرویز الہٰی اور دیگر ملزمان کو فرد جرم کے لیے آج طلب کر رکھا تھا۔ پراسیکیوشن کے مطابق پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی نے تحریری امتحان میں فیل ہونے والوں کو گریڈ 17 میں ملازمت دی، تحریری امتحان کے نتائج کو تبدیل کرکے من پسند افراد کو ملازمتیں دی گئیں۔