پاکستانی معیشت مستحکم اور ترقی کی جانب گامزن ہے: وزیراعظم

07-07-2024

(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی پورٹ ٹرسٹ  کا دورہ کیا جہاں انہیں بندرگاہوں اور نیشنل فلیگ کیریئر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتےہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے،  بندرگاہوں میں جدید نظام اور ان تک رسائی میں مزید بہتری سے پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندری تجارت کا سب سے موزوں راستہ فراہم کرتا ہے، وسط ایشیائی ریاستوں نے تجارت کیلئے پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بندرگاہوں کی استعداد سے مکمل فائدہ اٹھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، سامان کی ترسیل کو مزید بہتر بنانے کیلئے ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے جوڑا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور ترقی کی جانب گامزن ہے، نجی شعبے کی ترقی، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔