ماہرہ خان نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کی روداد سنا دی
07-07-2024
(ویب ڈیسک) پاکستانی سپر سٹار ماہرہ خان نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنے کی روداد سنا دی۔
ایک انٹرویو کے دوران ماہرہ خان نے بتایا کہ میری پیدائش کراچی میں ہوئی اور میں نے او لیول تک تعلیم بھی یہیں حاصل کی، اس کے بعد میں اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکا چلی گئی مگر وہاں جاکر میں نے مختلف ملازمتیں کرنا شروع کردیں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے زندگی کی پہلی ملازمت 16 برس کی عمر میں فارمیسی پر کی مگر اس کے باوجود میں نے فلم فیسٹیولز اور شوبز کے دیگر پروگراموں میں شرکت کرکے بطور والنٹیئر کام کیا۔ ماہرہ نے بتایا کہ میں امریکا میں گرمیوں کی چھٹیوں کے باعث پاکستان آئی تو میں نے بطور ویڈیو جوکی (وی جے) کام کا آغاز کیا اور جلد ہی مجھے اس کام میں مزہ آنے لگا اور پھر میں نے امریکا جانے کے بجائے یہیں پاکستان میں قیام کا فیصلہ کیا اور شادی کرلی، یہاں مجھے شادی کے بعد متعدد ڈراموں میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بطور فلمی اداکارہ اپنا کیریئر فلم"بول" سے شروع کیا، اگرچہ میں نے فلموں سے اداکاری کا آغاز کیا تاہم مجھے شہرت ٹی وی ڈراموں سے ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شوبز کیریئر میں مجھے تھوڑی سے مشکلات آئیں تاہم اداکارہ بننے کے بعد میرے اہل خانہ کو مجھ پر فخر ہے، مجھے پر سب سے زیادہ فخر میرے سابق شوہر کو ہے کیونکہ سابق شوہر جانتے ہیں کہ میں نے کتنی محنت کی اور کس طرح اداکاری میں مقام بنایا۔