محسن نقوی کا بجلی کی اووربلنگ پر عملے کے خلاف کارروائی کا حکم

07-07-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی پروٹیکٹڈ صارفین کی اوور بلنگ کی بڑھتی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اووربلنگ کرنے والے افسروں اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے جس کی قطعاََ اجازت نہیں دی جا سکتی، ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ صارفین کی فہرست میں شامل کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹیگری تبدیل ہونے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا، پروٹیکٹڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اووربلنگ سے پروٹیکٹڈ صارفین کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، صارفین کی جانب سے اووربلنگ کی شکایات اور ان کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے پروٹیکٹڈ صارفین کو مبینہ طورپر اووربلنگ کے معاملے پر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نےانکوائری شروع کردی  ہے  جبکہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی اووربلنگ کے خلاف ذمہ دار افسروں کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔