تھر کی کوئل کے نام سے مشہور لوک گلوکارہ مائی بھاگی کی آج 38 ویں برسی

07-07-2024

(لاہور نیوز) تھر کی کوئل کے نام سے مشہور لوک فنکارہ مائی بھاگی کو مداحوں سے بچھڑے 38 برس بیت گئے ہیں، ان کے گائے گیت آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔

یکم جنوری 1906ء کو ضلع تھر پارکر میں پیدا ہونے والی مائی بھاگی کا تعلق تھر کے لوک گھرانے سے تھا، مائی بھاگی کو بھاگ بھری یعنی خوش نصیب کا نام بھی دیا گیا، لوک گلوکارہ کو تھر کی کوئل بھی کہا جاتا ہے، مائی بھاگی کم عمری سے ہی اپنے والدین کے ساتھ شادیوں اور تہواروں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتی تھیں۔ 1968ء میں پہلی بار گلوکارہ مائی بھاگی کو ریڈیو پاکستان حیدر آباد اور پاکستان ٹیلی ویژن میں گانے کا موقع ملا، مائی بھاگی نے تھر کے ایک اور مشہور گلوکار استاد مراد فقیر کے ساتھ مختلف زبانوں میں گانے گئے،  کھڑی نیم کے نیچے  وہ گیت تھا جس نے بھاگ بھری کے بھاگ بدل دئیے اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ حکومت پاکستان نے موسیقی کے میدان میں مائی بھاگی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 1981ء میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا، صحرا میں گونجتی مائی بھاگی کی سریلی آواز 7 جولائی 1986ء کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاموش ہو گئی۔