شہیر آفریدی نے بھارتی باکسرکو ہرا کر مڈل ویٹ کیٹیگری کے ایشین چیمپئن کاٹائٹل جیت لیا

07-07-2024

(ویب ڈیسک )شہیر آفریدی نے بھارتی باکسرکو ہرا کر پروفیشنل مڈل ویٹ کیٹیگری کے ایشین چیمپئن کاٹائٹل جیت لیا۔

تھائی لینڈ میں ہونے والی پروفیشنل باؤٹ میں پاکستانی باکسر شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر رونت سولنکی کو شکست دے دی۔ شہیر نے تیسرے راؤنڈ میں بھارتی حریف کو ناک آؤٹ کیا، پروفیشنلز باکسنگ کے مقابلے میں پاکستان کے شہیر آفریدی اور بھارت کے رونت سولنکی کے درمیان پہلا راؤنڈ انتہائی دلچسپ و سنسنی خیز رہا۔ دوسرے راؤنڈ میں شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر پر تابڑ توڑ حملے کرکے پوزیشن مضبوط کرلی۔ تیسرے راؤنڈ کے آخری منٹ میں شہیر آفریدی نے بھارتی باکسر کو ایسا مکا رسید کیا کہ وہ لڑکھڑا گئے اور رِنگ میں گرتے گرتے رہ گئے۔ ریفری نے بھارتی باکسر کو ناک آؤٹ قرار دےکر پاکستانی باکسر کو فاتح قرار دے دیا۔ شہیر آفریدی کا کہنا ہےکہ وہ اے بی ایف اور ڈبلیو بی سی ایشیا کے ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں اور پاکستان کے لیے بیک وقت تین ایشین ٹائٹل جیتنے والے باکسرز کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔