تاجروں پر ٹیکس کا ہر صورت اطلاق ہو گا: وفاقی وزیر خزانہ

07-07-2024

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سب تسلیم کرتے ہیں مگر کہتے ہیں ہم پر ٹیکس نہ لگائیں، تاجروں پر ٹیکس کا ہر صورت اطلاق ہو گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ واحد ملک ہے جہاں نان فائلرز کی اختراع ہے، مجھے نان فائلرز کی اختراع سمجھ ہی نہیں آتی، ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے دن رات کام جاری ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ نگران حکومت کے اقدامات نے نئی حکومت کی بہت مدد کی، سرمایہ کاروں کے تمام بقایا جات ادا کر دیئے گئے ہیں، 45 لاکھ نان فائلرز کا ڈیٹا ہے، ان سے وصولی نہیں کر سکے۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس ٹوجی ڈی پی اگلے 3 سال میں 13 فیصد تک لے جانا ہے، ہم نے پی ایس ڈی پی کو کم کیا ہے، شرح سود بتدریج کم ہونی چاہئے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کا نفاذ مذاق بنا کر رکھ دیا گیا، ایف بی آر اہلکاروں کی حوصلہ افزائی بند کرنے تک کرپشن ختم نہیں ہوگی۔