معیشت پر سیاست کب تک اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرتی رہے گی؟ ملک احمد خان
07-07-2024
(لاہور نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان نے کہا کہ معیشت پر سیاست کب تک اس ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرتی رہے گی؟ اس کو ملکر ختم کرنا ہوگا۔
قائم مقام گورنر پنجاب ملک احمد خان نے پیاف کے یوم تاسیس پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بھی امیدوار میدان میں اتاریں گے وہ چیمبر میں آپ کی نمائندگی کریں گے، ہمارا اور آپ کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ہم نے مل جل کر چلنا ہے۔ ملک احمد خان نے کہا کہ جب تک بزنس کمیونٹی کے لیڈرز حکومت کیساتھ مل کر کام نہیں کریں گے ترقی نہیں ہوگی، ایگری بیس انڈسٹری ترقی نہ کرسکی اس کی وجہ کیا ہے؟ مایوسی نہیں تکلیف ضرور ہے میری معیشت 23 بار آئی ایم ایف کے پاس گئی ہے اس میں آپ ذمہ دار نہیں ہیں۔ قائم مقام گورنر نے کہا کہ آپ کے لیڈرز حکومت کیساتھ مکمل رابطے میں رہیں، میری لیڈر شپ آپ کی کمیونٹی سے ہے آپ کے ان سے تعلقات ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کا لاہور چیمبر ملک کی بزنس کمیونٹی کی سب سے توانا آواز ہے، آپ کی کاروباری تجاویز کی قدر ہوتی ہے، ہم اس روایت کو برقرار رکھیں گے۔