فلور ملز ایسوسی ایشن نے ود ہولڈنگ ٹیکس مسترد کر دیا، ملک گیر ہڑتال کا اعلان

07-06-2024

(لاہورنیوز) فلور ملز ایسوسی ایشن نے ود ہولڈنگ ٹیکس مسترد کرتے ہوئے 10 جولائی سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینٹرل چیئرمین عاصم رضا سمیت چاروں صوبوں کے چیئرمین اور سینکڑوں فلور مل مالکان شریک ہوئے، ملک بھر کی فلور ملز نے مشترکہ طور پر ود ہولڈنگ ٹیکس مسترد کرنے کا اعلان کیا۔ عاصم رضا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس ختم نہ ہونے کی صورت میں 10 جولائی سے ملک گیر ہڑتال کریں گے، ایف بی آر کے ودہولڈنگ ٹیکس کولیکشن ایجنٹ نہیں بنیں گے، ٹیکس جمع کرنا حکومت کا کام ہے ہمارا نہیں۔ سینٹرل چیئرمین نے کہا کہ فلور ملز پہلے سے ٹیکس نیٹ میں ہیں اور ٹیکس دے رہی ہیں، ایف بی آر کے نئے ٹیکس سے عوام کیلئے آٹا مہنگا ہوگا، حکومت فوری طور پر ٹیکس واپس لے، ٹیکس واپس نہ ہوا تو 10 جولائی سے ملک بھر کی ملز بند ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ آٹا عوام کی بنیادی خوراک ہے، اسے ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے۔