مہنگاآٹا فروخت کرنے پر 52 فلور پوائنٹس کو شوکاز،3لائسنس معطل

07-06-2024

(لاہورنیوز) فلور ملوں سے عام مارکیٹ تک سستے داموں آٹے کی فراہمی کیلئےمحکمہ خوراک پنجاب متحرک ہو گیا۔

محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق آٹے کی قیمتوں میں اضافے اور ناقص انتظامات پر 52 فلور پوائنٹس کو شوکاز جاری کردیئے، 3 فلور ملز کے لائسنس معطل کر دیئے، لاہور ڈویژن 135،فیصل آباد 15، سرگودھا 71، راولپنڈی 147، گوجرانوالہ میں 39 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ گجرات ڈویژن 42، ساہیوال 33، ملتان 106،ڈی جی خان میں 3 پوائنٹس کو چیک کیا گیا، بوگس ریکارڈ دکھانے اور مہنگے داموں مارکیٹ میں آٹے کی سپلائی پر کارروائیاں کی گئیں۔ اس حوالےسے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں موجود تمام آٹا برانڈز کے نرخوں کی فہرستیں مرتب کی جارہی ہیں، مہنگے داموں آٹا تھیلوں کی سپلائی کرنے والے ڈیلرز اور ملز کے لائسنس معطل کر دیئے جائیں گے۔ بلال یاسین نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کے افسران کو عوام تک ریلیف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کردی، وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں روزانہ مارکیٹ نرخوں کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔